صحت عامہ: امیر اور غریب ممالک کے درمیان فرق کیسے ختم ہوسکتا ہے
پیتھوجین جینومکس میں نوآبادیات کے اثرات پر قابو پانا
برصغیر پاک وہند سے برطانوی راج کا خاتمہ تو بہت عرصہ قبل ہوچکا لیکن نوآبادیاتی نظام آج بھی زندہ ہے صرف اس کی شکل تبدیل ہوچکی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق یہ ایک امیر ملک کے سائنسدان کی طرح لگتا ہے جو غریب ممالک کے سائنسدانوں کے کام کا تمام کریڈٹ خود لے لیتا ہے۔
تحقیق میں پیتھوجن جینوم (بیماری کی وجہ بننے والے مائکروآرگنزم ('پیتھوجین سیکوئنسنگ') کے جینیاتی مواد کا تجزیہ) میں سائنسی معلومات کی تقسیم اورانتظام پر نوآبادیاتی نظام کے اثرات پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے زیادہ آمدنی والے ممالک اور کم و درمیانی آمدنی والے ممالک کے مشترکہ فرائض اور نوآبادیات کے خاتمے کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ پیتھوجین جینومکس کے لیے جامع اور عالمی تعاون کی حکمت عملی کی تجویز، سائنسی ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ
ساتھ عالمی صحت کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا ہے۔
پیتھوجین جینومکس میں نوآبادیاتی باقیات
عالمی صحت میں نوآبادیات اورنسلی درجہ بندی کی وراثت علم ، ٹیکنالوجی اور وسائل کے منصفانہ پھیلاؤ میں رکاوٹ ہے۔ زائد آمدنی والے اداروں (ایچ آئی سیز) اور کم ودرمیانی آمدنی والے ممالک (ایل ایم آئی سیز) کے درمیان طاقت کی حرکیات (پاور ڈائنامکس) ان کی ضروریات کو نظر اندازکرسکتی ہیں۔ پیرا شوٹ ریسرچ جیسے طریقوں میں جہاں زیادہ آمدنی والے ممالک کے سائنسدان مقامی شراکت داری کے بغیر ریسرچ کرتے ہیں، نوآبادیاتی دورمیں استحصال سے مماثلت رکھتے ہیں۔ پیتھوجین جینومکس، ایک اہم شعبہ ہے جو نوآبادیاتی نظام سے متاثر ہوا کیونکہ ٹیکنالوجی اور علم زیادہ آمدن والے ممالک پر مرکوز ہے۔
کم اور درمیانی آمدن والے ممالک میں مزاحمت پیدا کرنا
سال 2019 میں چین کے شہر ووہان میں نمونیا کے غیرمعمولی کیسزسامنے آئے تھے جس کے نتیجے میں عالمی سطح پرسارس کووڈ- جینوم سیکوئنس شیئر کیا گیا تھا، اس میں برطانیہ کا حصہ 2 فیصد تھا جبکہ سات جنوبی ایشیائی ممالک کا حصہ بھی صرف 2 فیصد تھا۔ چونکہ کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک نوآبادیاتی نظام کے اثرات پر قابو پانے کے لیے کام کر رہے ہیں ، پیتھوجین جینومکس تاریخی ناانصافیوں کے خلاف لڑنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر ابھر رہا ہے۔
بنگلہ دیش
بنگلہ دیش، جس کی آبادی 170 ملین سے زیادہ ہے، صحت عامہ کے چیلنجز سے نمٹنے میں آگے آگے ہے، اُس نے ہیلتھ سائنس خاص طور پر جینومک تحقیق میں نمایاں پیش رفت کی ہے. چائلڈ ہیلتھ ریسرچ فاؤنڈیشن (سی ایچ آر ایف) نے 2018 میں اپنی پہلی اگلی نسل کے سیکوئنسر کو حاصل کیا ۔سی ایچ آر ایف کی جینومکس ٹیم نے مقامی سارس کوو -2 اقسام کو ترتیب دیا ، جس نے صحت عامہ کے بحرانوں سے پہلے جینومک کی اہمیت کو ظاہر کیا۔ سنہ 2020 میں سرکاری اور ڈغیر سرکاری اداروں کے تشکیل دیے گئے ایک کنسورشیم نے بنگلہ دیش میں شواہد پر مبنی کووڈ-19 پر قابو پانے کی حکمت عملی تیار کی اور اس پر عمل درآمد کیا۔
سری لنکا
سری لنکا نے گھریلو جینومک سیکوئنسنگ کی سہولیات تیار کیں، جس کے نتیجے میں سارس کووڈ-2 وائرس کی 98 فیصد سے زیادہ سیکوینسنگ (ترتیب) کی گئی ہے۔ اس سے صحت عامہ کے ردعمل اور تشخیص، جسمانی دوری کے اقدامات اور ویکسین کی تعیناتی سے متعلق باخبرفیصلوں سے آگاہی ہوئی۔ سری جے وردھنے پورہ یونیورسٹی نے ڈینگی اور انفلوئنزا جیسے دیگر پیتھوجینز کو شامل کرنے کے لیے اپنی سیکوئنسنگ کوششوں کو بڑھایا جو پیتھوجین جینومکس کے خاتمے اور کم ودرمیانی آمدن والے ممالک کو عوامی صحت کے اعداد و شمار کے انتظام میں بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
ڈاکٹر عمران نثار اور ان کی ٹیم جینومکس سیکوئنسگ مشین کے استعمال کی تربیت کے لیے زکربرگ چین بائیوحب امریکا میں موجود ہے
پاکستان
پاکستان کوفروری 2020 میں کووڈ 19 کے پہلے کیس کا سامنا کرنا پڑا تھا اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ، پراونشل پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹریز سمیت مختلف تحقیقی اداروں نے سیکوینسنگ کی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالا تھا۔ کراچی میں آغا خان یونیورسٹی نے سیکوینسنگ اور بائیو انفارمیٹکس تجزیے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے مقامی نیکسٹ سٹرین پلیٹ فارم قائم کیا۔
بنگلہ دیش، سری لنکا اور پاکستان پیتھوجین جینومکس میں جاری نوآبادیات کے خاتمے کی کوششوں کی مثالیں ہیں۔ یہ گروپ نہ صرف اس شعبے میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں بلکہ سائنسدانوں کی اگلی نسل کو تربیت بھی دے رہے ہیں۔ بلڈنگ سائنٹسٹس فار بنگلہ دیش پروگرام بنگلہ دیش میں یونیورسٹی کے طلباء اور نوجوان پیشہ ور افراد کو اگلی نسل کی سیکوئنسنگ اور بائیو انفارمیٹکس میں دستی تربیتی پروگرام فراہم کرتا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف جینومکس اینڈ انٹیگریٹیو بائیولوجی ان انڈیا اور افریقہ پیتھوجین جینومکس انیشی ایٹو اور ساؤتھ افریقن میڈیکل ریسرچ کونسل جینومکس پلیٹ فارم افریقہ کے اندر جدت طرازی کی مثالیں ہیں۔ جنوبی ایشیا میں تحقیقی گروپوں نے جینومکس کو آگے بڑھانے، جینومک میڈیسن کو فروغ دینے اور مقامی مچھلی اور جوٹ کی اقسام کی ترتیب میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ کوششیں براہ راست
حکومتی فنڈنگ اور میدان میں مقامی چیمپیئنز کی انتھک کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوئیں۔
مستقبل کے مسائل
پیتھوجین جینومکس کو ڈیکولونائز کرنے میں پیش رفت کے باوجود ابھرتے ہوئے چیلنجز برقرار ہیں ۔ایک بڑا مسئلہ جدید ترین سیکوینسنگ مشینوں اور ریجینٹس (ریجنٹ ایک مرکب یا مرکب ہے جو کیمیائی رد عمل کو شروع کرنے یا جانچنے کے لئے سسٹم میں شامل کیا جاتا ہے) تک رسائی کی کمی ہے ، جس کا سامنا کم اور درمیانی آمدن والے ممالک کو کو اکثر غیر مساوی عالمی سپلائی چین کی وجہ سے کرنا پڑتا ہے ۔ اس سے تیسرے فریق کے ایجنٹوں پر انحصار بڑھتا ہے جو قیمتوں کا مارک اپ بڑھاتے ہوئے بروقت اور مؤثرتحقیق کرنے کی صلاحیت کو روک سکتے ہیں۔
ایک اور چیلنج تحقیقی ایجنڈے کو کنٹرول کرنے کے ایک نئے نقطہ نظر کا ممکنہ ابھرنا ہے ، جس میں بین الاقوامی عطیہ دہندگان اکثر عالمی سائنس کی مالی اعانت کرتے ہیں اور کثیر ملکی تحقیقی کوششوں کو اجاگر کرتے ہیں۔ یہ ماڈل زائد آمدنی والے ممالک میں اداروں کو مرکزی مراکز کے طور پر رکھتا ہے ، تحقیق کی سمت ، عمل اور پھیلاؤ کو ڈکٹیٹ کرتا ہے۔ اس سے جدید ترین ٹکنالوجیز کو اپنانے کی رفتار سست ہوسکتی ہے اور مقامی تخلیقی صلاحیتوں اور مسائل کو حل کرنے میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔
آخر میں اندرونی نوآبادیاتی ذہنیت کم اور زیادہ آمدنی والے ممالک کی برادریوں میں سرایت کرتی ہے ، جس کا نتیجہ اعداد و شمار ، دانشورانہ ملکیت اور خود مختاری سے دستبرداری کی صورت میں نکلتا ہے۔ زائد آمدنی والے ممالک کے محققین اکثر قیادت کرتے ہوئے پورے منصوبے سے مستفید ہوجاتے ہیں ، جس سے کمیونٹی کو اجتماعی نقصان ہوتا ہے۔
ہماری کال ٹو ایکشن
کم آمدنی والے اور درمیانی آمدنی والے ممالک (ایل ایم آئی سی) کے لیے کال ٹو ایکشن کا مقصد سائنسدانوں کو بااختیار بنانا ، پالیسی سازوں کو شامل کرنا ، بین الاقوامی عطیہ دہندگان کے طریقوں میں اصلاحات لانا اور اخلاقی طریقوں کو قائم کرنا ہے ۔ لچک ہندوستان ، روانڈا اور کیوبا جیسے نوآبادیاتی ممالک کی ایک کلیدی خصوصیت ہے ، جنہوں نے پیتھوجین جینومکس اور متعدی بیماریوں پر قابو پانے میں خود انحصاری حاصل کرنے کے چیلنجز پر قابو پالیا ہے ۔ پیتھوجین جینومکس میں شمولیت اور مساوات کے لیے رکاوٹوں سے نمٹنا بہت ضروری ہے ۔ ایچ آئی سی اور ایل ایم آئی سی دونوں کو اس کے حصول کے لیے کام کرنا چاہیے۔
حکومتوں ، پالیسی سازوں اور کاروباری رہنماؤں کو خطے کے مخصوص چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں سائنسی تحقیق اور سرمایہ کاری کرنی چاہیے، یہ اقدام مقامی ٹیکنالوجیز کو فروغ دیتے ہوئے ہنرمند افرادی قوت کو فروغ دے گا اور ایسے ممالک کو پیتھوجین جینومکس اور اور سیکونسنگ جیسے جدید تکینکیل ڈومینز میں مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گا۔ جینومکس مشینیں اور ریجینٹ تیار کرنے والے تجارتی اداروں کو بھی وسائل تک مساوی رسائی یقینی بناتے ہوئے قیمتوں کی حکمت عملی پر غور کرنا چاہیے۔
بین الاقوامی عطیہ دہندگان کو اپنے فنڈز کی تقسیم کا ازسرنو جائزہ لینا چاہئے ، ایسے ممالک می مقامی اداروں کو براہ راست فنڈنگ کو ترجیح دینا چاہیے اور لچکدار ہونا چاہیے۔ جینومکس مشینیں اور ریجنٹس تیار کرنے والے تجارتی اداروں کو ان وسائل تک مساوی رسائی کو یقینی بنانا چاہئے اور درجہ بندی کی قیمتوں کی حکمت عملی پر غور کرنا چاہئے۔ مزید برآں ، کم آمدن والے ممالک کے سائنسدانوں کی مہارت کا احترام کرتے ہوئے زیادہ آمدن والے ممالک میں سائنسدانوں کے لئے فنڈنگ اور ترغیبی ڈھانچے پر دوبارہ غور کیا جانا چاہئے۔
خلاصہ
ایک بااختیار اسپوک نیٹ ورک ماڈل ایک مثالی حل کے طور پر تجویز کیا گیا ہے ، جس سے کم اور درمیانی آمدن والے ممالک کو اپنی تحقیق چلانے اور مقامی و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ کنسورشیم بنانے کا موقع ملتا ہے ۔ امکان ہے کہ یہ ماڈل مقامی مسائل کے حل ، تعاون کو فروغ دینے اور پہلے سے موجود ماڈلز کے نقصانات کو دور کرنے میں سہولت فراہم کرے گا ۔ مساوی ترقی میں رکاوٹ بننے والی نوآبادیاتی باقیات کو ختم کرنے کی فوری ضرورت ہے ، اور زائد آمدن اور کم ودرمیانی آمدن والے ممالک دونوں کو ان برقرار عدم مساوات کو تسلیم کرنا اور فعال طور پر چیلنج کرنا چاہیے ۔ باہمی احترام ، افہام و تفہیم اور مہارت کو فروغ دینا 21 ویں صدی کے صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ہماری اجتماعی اخلاقی ضرورت کو پورا کرے گا ۔
Translated by Kokab Mirza for the Department of Paediatrics & Child Health
Original article: 'Overcoming colonialism in pathogen genomics' by Associate Professor Imran Nisar published by The Lancet July 2024