17 اپریل ، 2009
اربن ہیلتھ پروگرام کے لیے اعزاز
ٹیلوآرزنیٹ ورک اینڈ مک جینیٹ فا ؤ نڈیشن نے آج مک جینیٹ پرائز فار گلوبل سیٹیزن شپ کے پہلے فاتح کا اعلان کر دیا۔ آغا خان یونیورسٹی کے اربن ہیلتھ پروگرام نے پہلا اعزاز حاصل کیا۔ اس متنوع اور طویل المدتی پروگرام کے تحت خصوصی طور پر کراچی کی کچی آبادیوں میں صحت کی بنیادی دیکھ بھال اور سماجی اورمعاشی بہتری کے حوالے سے کام ہو رہا ہے۔
مک جینیٹ پرائز فار گلوبل سیٹیزن شپ پروگرام دنیا بھرمیں ٹیلوآرز نیٹ ورک کی ممبر یونیورسٹیز کے طلبا کی شہری معاملات میں غیر معمولی شمولیت کا اعتراف کرتا ہے۔ یہ پروگرام عوامی خدمت کی کوششوں میں مالی معاونت بھی فراہم کرتا ہے۔ اس سال کے ایوارڈ کے لیے19 ممالک کی 40 یونیورسٹیز کے 67 پروگراموں نے مقابلے میں حصہ لیا۔
یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی ہیلتھ سائنسز کے اربن ہیلتھ پروگرام کا آغاز 1985 میں اس وقت ہوا جب پاکستان میں طبی تربیت صرف ہسپتالوں تک محدود تھی اور مقامی آبادیوں میں صحت کی سہولیات کو بہت کم توجہ دی جاتی تھی۔ اس پروگرام کے ذریعے یونیورسٹی کے میڈیکل اور نرسنگ طلبا، کمیونٹی میڈیسن ریذیڈینٹس، انٹرنز اور مقامی اور بین الاقوامی الیکٹو طلبا اپنی عملی تربیت کا کچھ وقت سلطان آباد، ہجرت کالونی اور ریڑھی گوٹھ میں گزارتے تھے جن کی مجموعی آبادی 85,000 تھی۔ان علاقوں میں طلبا صحت کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ تحقیق اورسروس پراجیکٹس میں شامل رہتے تھے جن میں ناخواندگی اور ماحولیاتی آلودگی سے لے کر گھروں میں تشدد اور خواتین کے مسائل شامل ہیں۔ جیسے جیسے اس پروگرام میں ترقی ہوئی، ان علاقوں کے رہائشیوں نے آبا دی پر مبنی تنظیمیں قائم کیں جنھوں نے چھوٹے قرضوں اور گھریلو صنعتوں کے اقدامات کیے، لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین میں پیشہ ورانہ تربیت کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی اور طلبا کی مدد سے صاف پانی اور نکاسی آب کے منصوبوں کے لیے مقامی حکام سے گفت و شنید کی۔
اربن ہیلتھ پروگرام کی شریک تنظیموں میں سے ایک ، ریڑھی گوٹھ ہیلتھ اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو باڈی کے رکن علی محمد جٹ نے کہا،" مشاورتی میٹنگز، مباحثوں ، مختلف سرگرمیوں میں لوگوں کی شمولیت اور متعلقہ حکومتی اداروں اور این جی اوز سے رابطوں کے ذریعے یہ پروگرام آبادی کی بنیادی سطح تک رسائی رکھتا ہے" ۔انھوں نے مزید کہا،" مقامی آبادی کی مدد سے چلائے جانے والے ان اسکولوں کے ذریعے ریڑھی گوٹھ میں 600 سے زائد بچیاں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو ئیں۔جس کی وجہ سے ان بچیوں کو اساتذہ، مقامی ہیلتھ ورکرز اور حکومت کے نیشنل لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے طور پر کام کر نے کا موقعہ ملا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس پروگرام سے آبادی پر دیر پا اثرات مرتب ہوں گے۔ یہ پروگرام اب تک جاری ہے اور 300 سے زائد بچیاں اس کے تحت تعلیم حاصل کر رہی ہیں" ۔
اربن ہیلتھ پروگرام یونیورسٹی کی سطح پر دور رس اثرات کے حامل ایسے پروگراموں کی ایک مثال ہے جن میں شہریوں کی شمولیت ہوتی ہے۔ اس پروگرام سے متاثر ہو کر دوسری مقامی یونیورسٹیوں نے اسی نوعیت کے مقامی آبادی پر مبنی پروگراموں کا آغاز کیا۔ اس پروگرام سے عملی تجربہ حاصل کرنے والے کئی طلبا صحت کی وزارتوں، قومی اور بین الاقوامی تنظیموں اور تدریسی اداروں میں کام کر رہے ہیں جہاں انھیں عوامی صحت اور غربت کے خاتمے کے لیے کام کرنے کا موقعہ مل رہا ہے۔کمیونٹی ہیلتھ ڈویژن کے سربراہ اور کمیونٹی ہیلتھ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے سینیئر انسٹرکٹر ڈاکٹر پرویز نایانی نے کہا،" ہمارے طلبا چاہے کوئی بھی پیشہ ورانہ راستہ اختیار کریں، اپنی ذہنی صلاحیتوں کی بنیاد پر وہ واضح نکتہ نظر رکھتے ہیں اور ایسے راہنما بن کر ابھرتے ہیں جو مستقبل کے لیے کارآمد فیصلے کرسکتے ہیں"۔
لبنان کی سینٹ جوزف یونیورسٹی کا آپریشن سیونتھ ڈے اورجنوبی افریقہ کی کیپ پیننسولایونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے دی واٹر اسکلوف انٹرنیشنل کمیونٹی ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ دوسرے نمبر پر اعزاز کے حقدار قرار پائے۔ پانچ پراجیکٹس کو تیسرے انعا م کا حقدار قرار دیا گیا۔
ایوارڈ کی تقریب 6 جون2009 کو ٹیلوآرز، فرانس میں منعقد ہو گی۔
مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی رابطہ کریں
حسان اختر،میڈیا ایگزیکٹیو،
ڈیپارٹمنٹ آف پبلک افیئرز ، آغا خان یونیورسٹی، اسٹیڈیم روڈ، کراچی ،
فون: 92-21-486 2927 +
ای میل : hassaan.akhter @aku.edu
آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو)
ہز ہائی نس آغا خان کی قائم کردہ اور 1983 میں پاکستان کی پہلی غیر سرکاری یونیورسٹی کے طور پر چارٹر حاصل کرنے والی آغا خان یونیورسٹی(اے کے یو) کا مقصد عمومی طور پر انسانی بہبود اور بالخصوص پاکستان کے لوگوں کی فلاح کو فروغ دینا ہے جو ہیلتھ سائنسز، تعلیم اور یونیورسٹی کی متعین کردہ علوم کی دیگر شاخوں میں علم کے فروغ اور ہدا یات کی فراہمی، تربیت، تحقیق اور خدمات کے ذریعے پورا کیا جاتا ہے۔ اے کے یو ایک بین الاقوامی یونیورسٹی ہے جس کی شاخیں آٹھ ممالک پاکستان، کینیا، یوگنڈا، برطانیہ، افغانستان، شام اور مصر میں موجود ہیں .
مک جینیٹ فا ؤ نڈیشن
مک جینیٹ فاؤنڈیشن، ڈونلڈ اور شارلٹ مک جینیٹ کی کوششوں کا تسلسل ہے جو ٹفٹس یونیورسٹی یورپین سینٹر کے لیے اسکالر شپ پروگرامز، ایوارڈز اور دیگر مالی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ مزید معلومات http://macjannet.org پر دستیاب ہیں۔
ٹیلو آرز نیٹ ورک
ٹیلو آرز نیٹ ورک ایسے اداروں کی بین الاقوامی انجمن ہے جس کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے ذریعے شہری کردار اور سماجی ذمے داریوں کو تقویت پہنچانا ہے۔ مزید معلومات http://www.tufts.edu/talloiresnetwork پر دستیاب ہیں۔