آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کے سابق طلبا روشنی کا سفر آگے بڑھارہے ہیں
اے کے یو۔ای بیکی روایت کا تسلسل
18جولائی ، 2012
آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ ( اے کے یو۔ای بی) نے ’پاسنگ دی ٹارچ 2012 ‘ کے عنوان سے طلبا کے لیے تقریب تقسیم اعزازات کا انعقاد کیا۔اس موقعے پر نویں اور دسویں کے امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے وہاج احمد نے کہا،” آج میں جس مقام پر ہوں اس میں میری ذاتی کاوش کے علاوہ اے کے یو۔ای بی کا کردار بہت اہم ہے۔ اے کے یو۔ ای بی کے امتحانات کی تیاری مشکل ہے تاہم جب میں نے تصورات پر مبنی اندازعلم کو سمجھا تو مجھے اس میں لطف آنے لگا“۔
’ پاسنگ دی ٹارچ‘ تقریب اے کے یو۔ای بی کی ایک سالانہ روایت ہے جس میں نویں دسویں اور گیارھویں بارھویں کے امتحانات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا میں اعزازات تقسیم کیے جاتے ہیں۔ اس روایت کے مطابق 2011 میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا نے اس سال پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں اعزازات تقسیم کیے۔ یہ اس امر کی علامت ہے کہ علم اورکامیابیوں کا سفر سال بہ سال جاری رہتا ہے۔
اس سال کراچی کے طلبا پاکستان بھر میں نویں دسویں اور گیارھویں بارھویں کے امتحانات میں سبقت لے گئے۔ تاہم گاہکچ، گلگت ۔بلتستان میں آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول کے عادل شاہ نے 90.18فیصد نمبروں کے ساتھ گیارھویں اور بارھویں کے امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔جبکہ آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کریم آباد، کراچی کی انعم زہرا رضا نے91 فیصد نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن،حبیب پبلک ہائی اسکول(گرلز) اور کراچی کی حفصہ جاوید نے90.82 فیصد نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔
اس سال شاہ ولایت پبلک اسکول کے سید وہاج احمد نے90.27 فیصد نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن، المرتضیٰ اسکول کی صدف بتول رضوی نے 90.18 فیصد نمبروں کے ساتھ دوسری اورسلطان محمد شاہ آغا خان اسکول کے شہریار فاروق اور حبیب گرلز اسکول کی زہرا حسینی نے 90.09 فیصد نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کے والدین اور اسکولوں کے صدور معلمین نے بھی شرکت کی۔ اس موقعے پر شاہ ولایت اسکول کی صدر معلمہ مسرت حیدری نے کہا،” اس تقریب کا انعقاد ایک اچھوتا خیال ہے جس میں سابق طلبا اپنے علم کی روشنی سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے موجودہ طلبا کو مستفید کرتے ہیں اور اپنے تجربات سے انھیں آگاہ کرتے ہیں۔ اے کے یو۔ای بی کی کارکردگی نہایت متاثر کن ہے۔ بورڈ کی وجہ سے طلبا علم اور مہارت کی اہمیت سے آگاہ ہورہے ہیں۔ ایسا ملک جہاں مقامی تعلیمی بورڈز نصاب کے اطلاق میں ناکام ہو چکے ہیں، وہاں اے کے یو۔ای بی نے اپنے آغاز سے ہی نصاب کے نفاذ اور شفافیت کا اعلی معیار قائم کیا ہے۔
اے کے یو۔ای بی کے تحت کیے جانے والے ایک حالیہ سروے کے مطابق-11 2010 میں گیارھویں بارھویں کے طلبا نے پاکستان بھر کے معروف اداروں میں مختلف شعبوں میں داخلہ حاصل کیا جن میں میڈیکل/ فارمیسی /نرسنگ(23 فیصد)، انجینئرنگ/ آئی ٹی (18 فیصد) ، بزنس /کامرس (30 فیصد) اور سائنس کے خصوصی مضامین/ آرٹ /ہیومینیٹیز (ہر ایک میں11 فیصد ) شامل ہیں۔
نویں دسویں اور گیارھویں بارھویں کے سالانہ نتائج اے کے یو۔ای بی کی ویب سائٹ پر دیکھے جا سکتے ہیں:
http://examinationboard.aku.edu/examinationservices
آغا خان یونیورسٹی
پاکستان کی پہلی غیر سرکاری یونیورسٹی کے طور پر چارٹر حاصل کرنے والی آغا خان یونیورسٹی(اے کے یو) کا مقصد عمومی طور پر انسانی بہبود اور بالخصوص پاکستان کے لوگوں کی فلاح کو فروغ دینا ہے جو ہیلتھ سائنسز، تعلیم اور یونیورسٹی کی متعین کردہ علوم کی دیگر شاخوں میں علم کے فروغ اور ہدا یات کی فراہمی، تربیت، تحقیق اور خدمات کے ذریعے پورا کیا جاتا ہے۔ اے کے یو ایک بین الاقوامی یونیورسٹی ہے جس کی شاخیں آٹھ ممالک پاکستان، کینیا، تنزانیہ، یوگنڈا، برطانیہ، افغانستان، شام اور مصر میں موجود ہیں۔
آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ
آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ (اے کے یو۔ای بی) ایک فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ہے جو آغا خان یونیورسٹی )اے کے یو) کے تحت بنایا گیا ہے۔ امتحانوں کے لیے مزید بہتر نظام کے مطالبے کے پیش نظر اس بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا۔حکومت پاکستان کے آرڈیننس CXIV کی مطابقت میں اگست 2003 میں اے کے یو۔ای بی قائم کیا گیا تا کہ پاکستان اور پاکستان سے باہر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ (ایس ایس سی) اور ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ(ایچ ایس ایس سی) کے لیے امتحانی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ یہ اردو اور انگلش دونوں میڈیم میں خدمات فراہم کرتا ہے۔ اے کے یو۔ای بی کا بنیادی مقصد تعلیم کا معیار بہتر بنانا ہے ،اس کے لیے بلند معیار امتحانی نظام کو پاکستانی طلبا کے لیے زیادہ قابل رسائی بنانے کے ساتھ ساتھ ملک اور ملک سے باہر موجود اہم اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ذریعے ان کی قدر ومنزلت کا اندازہ لگوایا جائے گا۔
مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی رابطہ کریں:
فبھا پرویز، میڈیا ایگزیکٹیو
ڈیپارٹمنٹ آف پبلک افیئرز
آغا خان یونیورسٹی، اسٹیڈیم روڈ، کراچی
فون: 2925 3486 21 92+
فیکس: 4294 3493 21 92+
ای میل: fabeha.pervez@aku.edu
---------------------------------------------------------------------------------