آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کی جانب سے گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے نتائج کا اعلان
طلبا کی بہترین کارکردگی
13 جولائی ، 2012
آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ (اے کے یو ۔ای بی) نے آج ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ:ایچ ایس ایس سی امتحانات (گیارہویں اور بارہویں ) کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا۔رواں برس، گذشتہ سال کی نسبت مزید 21 فیصد طلبا نے اے کے یو ۔ای بی کے تحت امتحانات میں حصہ لیا۔ اس سال ایچ ایس ایس سی سال اول اور دوم کے طلبا کی کامیابی کی مجموعی شرح بالترتیب 77.79 اور79.27 فی صد تھی۔
اس سال آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کریم آباد، کراچی کی انعم زہرا رضا نے 91 فیصد نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن،حبیب پبلک ہائی اسکول(گرلز) ، کراچی کی حفصہ جاوید نے90.82 فیصد نمبروں کے ساتھ دوسری اور آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، گاہکچ، گلگت ۔ بلتستان کے عادل شاہ نے 90.18 فیصد نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اے کے یو ۔ای بی کے تحت کروائے جانے والے ایک حالیہ سروے کے مطابق بورڈ کے 76 فی صد سابق طلبا کومعروف بین الاقوامی اور پاکستانی یونیورسٹیوں میں داخلہ ملا، اور گذشتہ سال کی نسبت اس شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ درحقیقت اے کے یو ۔ای بی کے سابق طلبا کے بین الاقوامی اداروں میں داخلے کی شرح میں 2011 میں183 فی صد کا قابل ذکر اضافہ ہوا جو 2010 کی شرح کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زائد ہے۔ سروے سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اے کے یو ۔ای بی کے سابق طلبا کو 145 مقامی اداروں میں داخلہ ملا۔
رضا ملجا اے کے یو ۔ای بی کے ایک ذہین سابق طالب علم ہیں جنھوں نے بورڈ کے تحت ہونے والے ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی دونوں امتحانات میں پوزیشن حاصل کی تھی اور حال ہی میں انھیں کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج، لاہور میں داخلہ ملا ہے۔اس موقعے پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا، ” اے کے یو ۔ای بی ہمیں صرف نصاب رٹنے پر مجبور نہیں کرتا بلکہ ہماری شخصیات کو نکھارتا ہے۔اے کے یو ۔ای بی کی وجہ سے میری خوداعتمادی اور فہم میں اضافہ ہوا ہے اوراب میں اپنے ماحول میں موجود کسی بھی شے کے متعلق جاننے کی بہتر طور پر کوشش کرتا ہوں۔میں شعور میں اضافے اور دنیا کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کا موقعہ دینے کے لیے بورڈ کا بے حد مشکور ہوں۔بہتر مستقبل کے لیے اے کے یو ۔ای بی ایک لازمی شرط ہے“۔
اے کے یو ۔ای بی نے ایس ایس سی کے سالانہ نتائج اپنی ویب سائٹ پرشائع کردیے ہیں ۔ نتائج کے ساتھ ساتھ طلبا کے لیے http://examinationboard.aku.edu/examinationservices/Pages/examinationservices.aspx پر ایک تفصیلی جائزہ بھی موجود ہے جس کی مدد سے وہ اپنی اور اپنے ساتھیوں کی کارکردگی کا موازنہ کرسکتے ہیں۔
آغا خان یونیورسٹی
پاکستان کی پہلی غیر سرکاری یونیورسٹی کے طور پر چارٹر حاصل کرنے والی آغا خان یونیورسٹی(اے کے یو) کا مقصد عمومی طور پر انسانی بہبود اور بالخصوص پاکستان کے لوگوں کی فلاح کو فروغ دینا ہے جو ہیلتھ سائنسز، تعلیم اور یونیورسٹی کی متعین کردہ علوم کی دیگر شاخوں میں علم کے فروغ اور ہدا یات کی فراہمی، تربیت، تحقیق اور خدمات کے ذریعے پورا کیا جاتا ہے۔ اے کے یو ایک بین الاقوامی یونیورسٹی ہے جس کی شاخیں آٹھ ممالک پاکستان، کینیا، تنزانیہ، یوگنڈا، برطانیہ، افغانستان، شام اور مصر میں موجود ہیں۔
آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ
آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ (اے کے یو۔ای بی) ایک فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ہے جو آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) کے تحت بنایا گیا ہے۔ امتحانوں کے لیے مزید بہتر نظام کے مطالبے کے پیش نظر اس بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا۔حکومت پاکستان کے آرڈیننس CXIV کی مطابقت میں اگست 2003 میں اے کے یو۔ای بی قائم کیا گیا تا کہ پاکستان اور پاکستان سے باہر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ (ایس ایس سی) اور ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ(ایچ ایس ایس سی) کے لیے امتحانی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ یہ اردو اور انگلش دونوں میڈیم میں خدمات فراہم کرتا ہے۔ اے کے یو۔ای بی کا بنیادی مقصد تعلیم کا معیار بہتر بنانا ہے ، اس کے لیے بلند معیار امتحانی نظام کو پاکستانی طلبا کے لیے زیادہ قابل رسائی بنانے کے ساتھ ساتھ ملک اور ملک سے باہر موجود اہم اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ذریعے ان کی قدر ومنزلت کا اندازہ لگوایا جائے گا۔
---------------------------------------------------------------------------------
فبھا پرویز، میڈیا ایگزیکٹیو، ڈیپارٹمنٹ آف پبلک افیئرز ، آغا خان یونیورسٹی، اسٹیڈیم روڈ، کراچی ، فون: 2925 3486 21 92 +
ای میل : fabeha.pervez@aku.edu