18 جنوری 2008 ء
پاکستان میں ہر سال تین لاکھ نوزائدہ بچوں کی ہلاکت
نوزائدہ بچوں کی ہلاکت کو روکنے کے لیے چیک لسٹ کی تیاری میں پاکستانی ڈاکٹروں کی مدد
پاکستان میں ہر سال پچپن لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں جن میں سے تین لاکھ بچے زندگی کا پہلا ماہ مکمل کرنے سے پہلے ہی ہلاک ہوجاتے ہیں۔ دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے نوزائدہ بچوں کی تعداد چالیس لاکھ سالانہ ہوتی ہے جس میں سے پچھتر فی صد ہلاکتیں پیدائش کے پہلے ہفتے میں ہوتی ہیں۔
برطانیہ سے شائع ہونے والے ہفتہ وار جرنل ' لینسیٹ' میں طبی ماہرین نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ سات علامات پر مبنی ایک سادہ چیک لسٹ والدین اور شعبہ صحت کے عملے کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد دے سکتی ہے کہ کس بچے کو فوری طبی دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔ اس چیک لسٹ پر بڑے پیمانے پر عمل کرکے نوزائدہ بچوں کی اموات کو قابل ذکر حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
اس تحقیق کے نتیجے میں طبی امداد حاصل کیے بغیر مر جانے والے لاکھوں بچوں کو بچایا جاسکتا ہے۔ یہ تحقیق چھ ممالک بشمول پاکستان میں کی گئی جہاں آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) کے تحقیقی ماہرین نے معلومات فراہم کی۔ اے کے یو کے شعبہ پیڈیاٹرکس اور چائلڈ ہیلتھ کی ڈاکٹر انیتا زیدی کی سربراہی میں اس تحقیق پر مبنی ایک گروہی مطالعہ کیا گیا جس میں سات دن سے کم عمر تین ہزار ایک سو ستتر بیمار نوزائدہ بچوں کی آدھی سے زائد تعداد کا تجزیہ کیا گیا۔ اس مطالعے کے نتائج سے رہنما ہدایات تیار کی جائیں گی جن کی مدد سے غریب ممالک میں والدین اور شعبہ صحت کے عملے کو اس بات کی تربیت دی جائے گی کہ بیمار بچوں کو دیکھ بھال کی کب ضرورت ہوتی ہے۔
بچوں کی اہم بیماریوں کی نشاندہی میں مدد کرنے والی سات اہم علامات ہیں جن میں دودھ پینے میں دشواری، صرف ہلانے جلانے پر حرکت کرنا، 95.5 فارن ہائٹ سے زیادہ جسمانی درجہ حرارت، ایک منٹ میں سانس کی رفتار کا ساٹھ سے زیادہ تجاوز کرنا، سینے کا اندر دھنسنا اور تشنج شامل ہیں۔
چونکہ شدید بیماریوں کی وجہ سے بچے بہت جلد ہلاک ہوسکتے ہیں اس لیے ان بیماریوں کی جلد تشخیص بہت مفید ثابت ہوسکتی ہے۔ اس چیک لسٹ کی مدد سے والدین اور شعبہ صحت کا عملہ اس بات کا فیصلہ کرسکتا ہے کہ بچے کو ڈاکٹر کے فوری معائنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔ اس تحقیق کو عالمی میڈیا کی بھی بھر پور توجہ حاصل ہوئی ہے۔
1990 کے مقابلے میں 2015 تک بچوں کی شرح اموات کو دو تہائی حد تک کم کرنا اقوام متحدہ کا ملینیم ڈویلپمنٹ گول ہے۔
مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی رابطہ کریں :
رسول سارنگ، اسسٹنٹ مینیجر میڈیا، فون: 4863920 ،
سید نوید رحمان ، سینئر میڈیا ایگزیکٹیو، فون: 4862931 ،
حسّان اختر، میڈیا ایگزیکٹیو، فون: 4862927
پبلک افیئرز ڈیپارٹمنٹ، آغا خان یونیورسٹی، اسٹیڈیم روڈ، پی او بکس 3500 ، کراچی 74000
فیکس: 4932095, 4934294
|