Urdu Version
 


19 اپریل 2008

 

ہسپتالوں میں ا ن فیکشن کنٹرول ٹیموں کی معاونت کی ضرورت

ہسپتالوں میں انفیکشن پھیلنے کے باعث ہر سال کئی زندگیاں ضائع ہوجاتی ہیں۔ دنیا بھر میں موجود اہم ہسپتال انفیکشن پر قابو پانے میں مشکل کا شکار ہیں، وہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ شدید بیمار مریض بہت زیادہ مزاحمت کے حامل انفیکشن کا شکار ہوسکتے ہیں۔ شعبہ صحت سے وابستہ عملہ چند سادہ اقدامات کے ذریعے انفیکشن کے ذریعے ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ کرسکتا ہے۔ ان اقدامات میں کھانستے اور چھینکتے وقت منہ کو ڈھکنا، دستانے، ماسک اور دیگر محفوظ لباس کا استعمال، ٹشوز اور ہاتھ صاف کرنے والی دیگر اشیا کی دستیابی، امیونائزیشن سے متعلق تازہ ترین معلومات کا حصول اور خون یا دیگر متاثرہ اشیا کے استعمال کے دوران ہسپتال کی رہنما ہدایات پر سختی سے عمل شامل ہے۔

آغا خان یونیورسٹی میں اپریل 2008 میں ایسے کئی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جن میں انفیکشن سے بچاؤ سے متعلق اہم موضوعات کو نمایاں کیا گیا۔ آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کی انفیکشن کنٹرول کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد کیے جانے والے یہ پروگرام پاکستان کے مختلف ہسپتالوں کے درمیان ربط قائم کرنے، ہیلتھ کیئر ورکرز (ایچ سی ڈبلیوز) میں انفیکشن کنٹرول کی مشقوں کی آگہی پیدا کرنے اور نگرانی، بچاؤاور کنٹرول کے ضمن میں ہسپتال کے فہم میں اضافہ کرنے کے لیے تھے۔ ان پروگراموں کا آغاز ایچ سی ڈبلیوز کے لیے ایک تین روزہ سیمینار سے ہوا، جس کے بعد ہاتھوں کی صفائی پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی تازہ ترین رہنمائی پر ایک روزہ سیشن ہوا اور ان پروگراموں کا اختتام ہفتہ 19 اپریل کو انفیکشن سے بچاؤ کی بہترین پریکٹس پر ایک بین الا اقوامی سمپوزیم پر ہوا۔

ورکشاپ میں پاکستان بھر سے ستاون افراد نے شرکت کی، معالجین اور نرسوں نے ایچ سی ڈبلیوز کی صحت، حفاظت اور ویکسینیشن، آپریشن تھیٹر میں انفیکشن کنٹرول اور ہسپتال میں فاضل مواد کو ٹھکانے لگانے جیسے اہم موضوعات پر خطاب کیا۔ شرکا نے ورکشاپ میں شرکت کے بعد آگہی کے معیار میں ساٹھ فی صد اضافے کی رپورٹ کی۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ہاتھوں کی صفائی کی رہنما ہدایات پر ایک اضافی سیشن ڈبلیو ایچ او، جینیوا کے تیکنیکی ماہر ڈاکٹر نظام دامانی نے منعقد کیا، انھوں نے شعبہ صحت سے وابستہ انفیکشن کے دباؤ اور اس کے اثرات جیسے اہم موضوعات پر غور و خوض کیا۔

بین الا اقوامی سمپوزیم میں مقررین نے ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور کمیونٹیز میں عمومی طور پر انفیکشن کنٹرول پر دی جانے والی ماہرانہ انفرادی پریزینٹیشنز میں وسیع ذیلی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ مہمان خصوصی، نائب صدر، ہیلتھ سروسز، آغا خان یونیورسٹی ڈیلس ایریوٹی نے ایچ اے آئی (ہیلتھ کیئر ایسوسی ایٹڈ انفیکشن) کی شرح میں کمی کا خصوصاً ذکر کیا اور اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول ٹیم کو مکمل طور پر سپورٹ کرنے کی استدعا کی۔

انفیکشس ڈزیز آف پاکستان کے صدر ڈاکٹر الطاف احمد نے انفیکشن کنٹرول کی مشق کے کمیونٹی پہلو کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ اے کے یو، اسکول آف نرسنگ کی ڈاکٹر رفعت جان نے اپنی پریزینٹیشن میں خصوصی طور پر متعلقہ موضوع یعنی نرسوں کے لیے ای لرننگ کے مواقع پر گفتگو کی۔ دیگر پریزینٹیشنز میں ایچ سی ڈبلیوز کے تحفظ، کلینیکل ماحول میں پریکٹس اور انفیکشن کے دباؤ جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انٹرنیشنل فیڈریشن آف انفیکشن کنٹرول ڈاکٹر مائیکل بورگ نے وڈیو پریزینٹیشن کے ذریعے عالمی سطح پر انفیکشن سے بچاؤ پر تبادلہ خیال کیا۔

سمپوزیم کی ایک اضافی خصوصیت اکٹھے ہونے والے وہ تین سیشن تھے جن سے ڈاکٹر الطاف احمد، فرینچ انٹینسیو کیئر اسپیشلسٹ ڈاکٹر ونسن اوز، موجودہ کنسلٹنٹ برائے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز نے خطاب کیا۔ لیاقت نیشنل ہسپتال، ٹبا ہارٹ انسٹیٹیوٹ اور آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے دیگر ماہرین نے اپنے خصوصی مہارت کے شعبوں پر پریزینٹیشنز پیش کیں۔

اپنی معاشرتی ذمہ داری اور ہیلتھ ریسرچ اور تعلیم میں اضافے کے عہد کے پیش نظر اے کے یو مستقل بنیادوں پر سیمینار، سمپوزیم اورکانفرنسوں کا انعقاد کرتی رہتی ہے تاکہ صحت اور تعلیم سے متعلق ایسے موضوعات پر معلومات میں اضافہ کیا جائے جو قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل ہیں۔

 

مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی رابطہ کریں:

رسول سارنگ، اسسٹنٹ مینیجر میڈیا، فون: 3920 486

حسّان اختر، میڈیا ایگزیکٹیو، فون: 2927 486

پبلک افیئرز ڈیپارٹمنٹ، آغا خان یونیورسٹی،

اسٹیڈیم روڈ، پی او بکس 3500 ، کراچی 74000

فیکس: 2095 493, 493 4294

Home Site Map Contact Us
 
School of Nursing Hospitals Medical College Institute for the Study of Muslim Civilisations Institute for Educational Development Examination Board  Home Site Map Contact Us