Urdu Version
 


 

18 اپریل 2008

 

سگریٹ نوش افراد میں گردے کے کینسر کے امکانات دگنے ہوتے ہیں

 

"سگریٹ نوشی سے 40 برس سے زائد عمر کے مرد اور عورتوں میں گردے کے کینسر کے امکانات دگنے ہوجاتے ہیں۔" آغا خان یونیورسٹی ہسپتال (اے کے یو ایچ)، کراچی کے کنسلٹنٹ یورولوجسٹ ڈاکٹر ایم حماد اطہر نے کوئٹہ میں ' آثار، علامات اور علاج' پروگرام میں ناظرین کو مطلع کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ،

" تاہم ہر سال عورتوں کے مقابلے میں زیادہ مردوں کی زیادہ تعداد میں گردے کے کینسر کی تشخیص ہوتی ہے ۔"

تین اہم یورولوجیکل کینسر یعنی مثانے، گردے اور پراسٹیٹ کے معاملے میں ہماری معلومات میں اہم اضافہ ہوا ہے جس سے ان کے علاج کے طریقوں کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ اے کے یو ایچ، کراچی میں تمام اقسام کے کینسر کے علاج کی مکمل سہولیات دستیاب ہیں۔ ڈاکٹر اطہر نے وضاحت کی کہ گردوں کے کینسر کا بہترین اور جدید ترین علاج آپریشن ہے اور اب زیادہ تر آپریشن چھوٹا سا زخم لگا کر کیے جارہے ہیں۔

ڈاکٹر اطہر نے بتایا کہ، '' سگریٹ نوشی مثانے کے کینسر کے لیے بھی ایک اہم خطرے کا سبب سمجھی جاتی ہے اور گردوں کے کینسر کی طرح مثانے کا کینسر بھی عورتوں کے مقابلے میں مردوں کو زیادہ متاثر کرتا ہے۔" مثانے کے کینسر کے علاج میں آپریشن، ریڈی ایشن، کیموتھیراپی اور بائیولوجک یا امیونوتھیراپی شامل ہے جو جسم کی کینسر سے مقابلے کی صلاحیت میں اضافہ کرتی ہے۔

پراسٹیٹ کینسر کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اطہر نے بتایا کہ تمام عمر کے مردوں میں کینسر سے ہونے والی اموات میں یہ موت کی تیسری سب سے عام وجہ ہے لیکن 40 برس سے کم عمر مردوں میں یہ بہت کم ہوتا ہے۔ طبعی عمر میں اضافے، بہتر تشخیصی سہولتوں اور آگہی میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں پراسٹیٹ کینسر کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ انھوں نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ، " اب بھی زیادہ تر مریض اس وقت علاج کا آغاز کرتے ہیں جب مرض آخری مراحل میں پہنچ چکا ہوتا ہے۔" اس علاج میں آپریشن، ریڈی ایشن تھیراپی یا ہارمون تھیراپی شامل ہوسکتی ہے۔

اے کے یو ایچ، کراچی کے کنسلٹنٹ یورولوجسٹ ڈاکٹر خرم صدیقی نے بتایا کہ، " پینے کے پانی کی کمی اور گرم موسم پاکستان میں گردے کی پتھری کی ایک اہم وجہ ہے۔" وہ گردے کی پتھری کے جدید طریقہ علاج پر بات کررہے تھے۔ پتھری کی بیماری پاکستان میں اینڈ اسٹیج رینل ڈزیز (ای ایس آر ڈی) کی اہم وجہ ہے اور عوامی آگہی اور طبی سہولیات کی کمی اس کی شدت میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔

گردوں کا مرکزی فعل خون کو غیر ضروری اجزا سے پاک اور اضافی مائع کو الگ کرنا ہے جو بعد میں پیشاب کی صورت میں جسم سے خارج ہوجاتا ہے۔ گردوں میں پتھری اس وقت بنتی ہے جب پیشاب میں موجود مائع دیگر اجزا کی تحلیل کے لیے ناکافی ہو۔ تاہم اکثر ایک سے زائد عوامل گردوں میں پتھری بننے کے عمل میں شامل ہوتے ہیں۔ زیادہ تر پتھریاں کسی طبی مداخلت کے بغیر پیشاب کے ذریعے جسم سے خارج ہوجاتی ہیں۔ زیادہ پیچیدہ حالتوں کے لیے ایسے طریقے دستیاب ہیں جن میں کم سے کم زخم لگا کر پتھری کو ختم کیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر صدیقی نے بتایا کہ، "اس مقصد کے لیے اوپن سرجری کا طریقہ اب متروک ہوچکا ہے۔ شاک ویو لتھوٹرپسی میں مشین براہ راست پتھری پر شاک ویوز پھینکتی ہے جس سے وہ چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم ہوجاتی ہے جو پیشاب کے ذریعے جسم سے خارج ہوجاتے ہیں۔" دوسرے طریقوں میں جلد میں سوراخ (پرکیوٹینس) کے ذریعے اور اینڈواسکوپک سرجری شامل ہے۔ پتھری کے علاج کے لیے یہ دونوں طریقے محفوظ اور موثر تصور کیے جاتے ہیں۔

انھوں نے وہاں موجود معالجین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا، " روز مرہ کی پریکٹس میں ہمیں ہر قسم کی شکل اور جسامت کی پتھریوں سے واسطہ پڑتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر صورتحال کے مختلف آپشنز پر معلومات میں اضافہ کیا جائے اور ہر مریض کے مسئلے کی مناسبت سے بہترین علاج فراہم کیا جائے۔

اے کے یو ایچ نے عوام سے رابطے کے پروگرام اور معاشرے میں فوری تشخیص اور بروقت علاج کی آگاہی پیدا کرنے کے سلسلے میں 'آثار، علامات اور علاج‘ کے عنوان کے تحت کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ اور یو اے ای میں اب تک 300سے زائد پروگراموں کا انعقاد کیا ہے جن سے اب تک 40,000 سے زائد افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں۔

آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کا پیشنٹ ویلفیئر پروگرام نادار اور مستحق مریضوں کو علاج کے لیے مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔ اے کے یو ایچ میں زیر علاج 73 فی صد مریضوں کا تعلق درمیانے یا کم آمدنی والے طبقے سے ہے۔ 1986ءمیں اس ویلفیئر پروگرام کے آغاز سے لے کر اب تک 2 بلین روپے سے زائد رقم 300,000 سے زائد مستحق مریضوں پر خرچ کی گئی ہے۔

مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی رابطہ کریں:

رسول سارنگ، اسسٹنٹ مینیجر میڈیا، فون: 3920 486

حسّان اختر، میڈیا ایگزیکٹیو، فون: 2927 486

پبلک افیئرز ڈیپارٹمنٹ، آغا خان یونیورسٹی،

اسٹیڈیم روڈ، پی او بکس 3500 ، کراچی 74000

فیکس: 2095 493, 4934294

 

 

Home Site Map Contact Us
 
School of Nursing Hospitals Medical College Institute for the Study of Muslim Civilisations Institute for Educational Development Examination Board  Home Site Map Contact Us