از طرف : آغا خان یونیورسٹی، کراچی
بتاریخ : 6 جنوری 2008 ء
دنیا بھر میں چودہ لاکھ افراد ہسپتالوں میں لگنے والے انفیکشن سے متاثر
ترقی پذیر ممالک میں انفیکشن کا خطرہ بیس گنا زیادہ ہوتا ہے
انفیکشن وہ اہم ترین پیچیدگی ہے جس کا ہسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کو سامنا کرنا پڑ تا ہے۔ دنیا بھر میںچودہ لاکھ سے زائد افراد ہسپتالوں میں لگنے والے انفیکشن سے متاثر ہوتے ہیں۔ ترقی پذیر دنیا میں جدید ہسپتالوں میں داخل ہونے والے پانچ سے دس فی صد مریض ایک یا زیادہ انفیکشنز کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک کے برعکس ترقی پذیر ممالک میں صحت کے مراکز سے لگنے والے انفیکشن کا خطرہ دو سے بیس فی صد زیادہ ہوتا ہے۔
موجودہ دور میں دستیاب انفیکشن کنٹرول کے طریقوں پر گفتگو کرنے کے لیے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال میں کنٹینیوئنگ میڈیکل ایجوکیشن (سی ایم ای) کے تحت 'اینیستھیسیا، سرجری اور کریٹیکل کیئر ایریا میں انفیکشن' کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
ماہرین نے ہسپتالوں میں انفیکشن کے خطرات اور بچاؤ کی حکمت عملیوں پر بات چیت کی جس کا موضوع تھا " کیا ہمارا طریقہ کار درست ہے یا اسے بہتر کیا جاسکتا ہے؟" ۔ شعبہ اینیستھیسیا کے پروفیسر قمر الہدیٰ نے معالجین اور خصوصی ماہرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ " انفیکشن بذات خود بھی اور اصل بیماری میں ثانوی یا انتہائی نوعیت کا انفیکشن پیدا کرکے پیچیدگیوں کے سلسلے کا سبب بن سکتے ہیں۔ "
ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں مریض علاج کے دوران دیگر بیماریوں کے انفیکشن کا شکار ہوجاتے ہیں یہ عمل صحت کی سہولیات کی فراہمی میں پیچیدگیاں پیدا کرتا ہے اور کچھ مریض متوقع تکلیف سے زیادہ بیمار ہوجاتے ہیں۔ جس کا نتیجہ ہسپتال میں طویل قیام، مستقل معذوری یا موت کی صورت میں نکلتا ہے۔ اور یوں انسانی مسائل کے علاوہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو بھی زبردست اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے۔
انفیکشن کے خلاف مدافعت کی کمی اور دیگر خطرناک بیماریوں میں مبتلا مریضوں سے قربت کی بنا پر انتہائی نگہداشت کے شعبوں مثلاً آئی سی یو، ہائی ڈپینڈینسی یونٹ میں داخل یا آپریشن سے گذرنے والے مریضوں کو اس خطرے کا زیادہ احتمال ہوتا ہے۔ غیر موثر انفیکشن کنٹرول کی وجہ اصل بیماری کی نوعیت، بڑے آپریشن، ہسپتال میں طویل قیام اور علاج کی غرض سے لگائے جانے والے کیتھیٹرز ہوسکتے ہیں۔
خصوصی شعبہ جات مثلاً اینیستھیسیا، سرجری، میڈیسن، انفیکشن کنٹرول اور نرسنگ کے مقررین نے مختلف اقسام کے انفیکشن کے علاج اور بچاؤ کے لیے بین الا قوامی معیار اور رہنما ہدایات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ پروگرام میں کثیر الجہتی طریقہ کار اور موثر انفیکشن کنٹرول پروگرام بشمول شعبہ صحت کے اہلکاروں کی مستقل تعلیم و تربیت، مستعد نگرانی، جانچ پڑتال اور انفیکشن کو کم کرنے کے لیے کیے جانے والے سادہ حفاظتی اقدامات پر زور دیا گیا۔
اے کے یو معالجین کے لیے باقاعدگی سے سی ایم ای سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کرتی ہے۔ ان پروگراموں کا مقصد ان طبی مسائل کی دیکھ بھال پر تازہ اور عملی معلومات فراہم کرنا ہے جن کا عمومی اور خصوصی معالجین کو سامنا رہتا ہے۔
مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی رابطہ کریں :
رسول سارنگ، سینئر میڈیا ایگزیکٹیو، فون: 4863920
حسّان اختر، میڈیا ایگزیکٹیو، فون: 4862927
پبلک افیئرز ڈیپارٹمنٹ، آغا خان یونیورسٹی، اسٹیڈیم روڈ، پی او بکس 3500 ، کراچی 74000
فیکس: 4932095 ، 4934294 ویب سائٹ www.aku.edu
|